اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے مارچ کے مہینے کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملکی معیشت میں کاروباری رجسٹریشن کے رجحان میں 11 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 2,90,041 ہو گئی ہے۔
مارچ کے دوران 2,993 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں (گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ)۔ نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کا پیڈ اپ کیپیٹل 2.80 ارب روپے ہے۔آئی ٹی اور ای کامرس کا شعبہ 606 کمپنیوں کے ساتھ سرِ فہرست رہا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کاروباری سرگرمیوں کا مرکز رہا، جہاں سب سے زیادہ رجسٹریشنز ہوئیں۔ پنجاب: 1,488 کمپنیاں، اسلام آباد: 552 کمپنیاں، سندھ: 447 کمپنیاں، گلگت بلتستان: 233 کمپنیاں، خیبر پختونخوا: 224 ، بلوچستان:، 49 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 57 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ 58 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی دیکھی گئی، جس میں چین، برطانیہ، جرمنی اور امریکہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی ہے۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپس اور دستاویزی معیشت کی طرف سفر تیزی سے جاری ہے، جس میں آئی ٹی سیکٹر ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہا ہے۔




