لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں سموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس میں 15 اینٹی اسموگ گنز شامل ہیں جو ہوا کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ یہ نظام باریک پانی کی دھند کے ذریعے مضر صحت ذرات PM2.5 اور PM10 کو قابو میں لا کر زمین پر گرائے گا، جس سے ہوا کی کوالٹی بہتر ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گنز لاہور کے مختلف علاقوں میں تعینات کیے جائیں گے اور پنجاب کے ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک کے ساتھ مربوط ہوں گے۔ آلودگی میں اضافے پر یہ گنز خودکار طور پر فعال ہو جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے میں سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز اور مصنوعی ذہانت کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحولیاتی قانون کے نفاذ کو مضبوط بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے امید ظاہر کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور عوامی تعاون سے لاہور میں اسموگ کا مسئلہ جلد حل ہو گا اور شہریوں کو صاف ہوا میسر آئے گی۔




