پاکستان

اسلام آباد میں 99 غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، کارروائی کا آغاز

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں کام کرنے والی 99 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے نے نادرا کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں ان سوسائٹیز کے مالکان اور اسپانسرز کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کی گئی سرکاری دستاویزات میں ان تمام غیرقانونی ہاؤسنگ منصوبوں کی فہرست شامل ہے، جو شہریوں کو گمراہ کن اشتہارات اور غیر منظور شدہ نقشہ جات کے ذریعے سرمایہ کاری کی دعوت دے رہی تھیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ تمام سوسائٹیز سی ڈی اے سے کسی بھی قسم کی منظوری لیے بغیر زمین کی فروخت اور ترقیاتی سرگرمیوں میں ملوث تھیں۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے سفارش کی ہے کہ ان سوسائٹیز کے مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے جائیں تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔ مزید برآں، متعلقہ اداروں کو بھی خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کی جا سکے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بارہا خبردار کیا گیا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہی سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان غیرقانونی منصوبوں کے خلاف قانون کے تحت سخت ایکشن لیا جائے گا، تاکہ عوام کو دھوکا دینے والے عناصر کو کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button