چترال: پاکستان کے یومِ آزادی پر سماجی کارکن ہدایت اللہ کی تعلیم کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ہدایت اللہ 1988 سے چترال کے طلبہ کی خدمت میں مصروف ہیں اور اب تک سینکڑوں طلبہ کو تعلیمی سہولتیں فراہم کر چکے ہیں۔
ہدایت اللہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے چترال کے طلبہ کیلئے ایک ہاسٹل قائم کیا، جس سے انہیں طلبہ کے مسائل قریب سے جاننے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا ہے کہ “تعلیم کے علاوہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ ایک طالب علم بار بار ناکام ہو رہا تھا، لیکن حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کے بعد اس نے بی کام میں ٹاپ کیا۔ بعد ازاں، پشاور میں داخلے کیلئے فیس کا انتظام کر کے اس کی تعلیمی سفر جاری رکھا، اور آج وہی طالب علم آئن اسٹائن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کا ڈائریکٹر ہے۔
ہدایت اللہ نے کہا کہ ایک طالب علم سے آغاز کیا تھا، مگر آج ہر سال 100 سے زیادہ طلبہ کو مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ مختلف تعلیمی ادارے چترال کے طلبہ کو سالانہ تقریباً 5 کروڑ روپے فیس میں رعایت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہم چاہتے ہیں ‘روز’ تعلیمی ادارے کو پورے پاکستان تک پھیلائیں۔ پاکستان کا خطہ اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، اس کی تعمیر کیلئے سب کو مل کر محنت کرنی ہوگی۔ تعلیم ہی کے ذریعے ملک میں ترقی و خوشحالی لائی جا سکتی ہے، اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ مالی طور پر کمزور بچوں کی مدد کرے۔”




