مظفرآباد :سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مظفرآباد میں جدید فری لانسنگ حب قائم کر دیا ہے، جہاں خصوصی افراد کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام نے نہ صرف ہنر سکھانے کا بیڑا اٹھایا ہے بلکہ خود اعتمادی اور امید کی بحالی کو بھی ممکن بنایا ہے۔
ان درجنوں متاثر کن کہانیوں میں ایک کہانی اجوہ کی ہے — مظفرآباد کی رہائشی ایک باہمت لڑکی جس کی بینائی آٹھویں جماعت میں اچانک ختم ہو گئی۔ اس کے والد سید ابرار حسین شاہ کے مطابق، “جب ڈاکٹر نے کہا کہ اب یہ زندگی بھر نہیں دیکھ سکے گی تو میں اندر سے ٹوٹ گیا۔ یوں لگا جیسے سانسیں چل رہی ہیں مگر زندگی رک گئی ہے۔”
بینائی سے محرومی کے بعد اجوہ شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئی، تاہم زندگی نے نیا موڑ اس وقت لیا جب سید ابرار کو معلوم ہوا کہ ایس سی او نے معذور افراد کے لیے کمپیوٹر سینٹر قائم کیا ہے۔ وہ اجوہ کو وہاں لے گئے، اور یہ قدم اس کی زندگی کا رخ بدل گیا۔
“اجوہ نے نہ صرف کمپیوٹر چلانا سیکھا بلکہ جینے کا حوصلہ اور خود پر یقین بھی پیدا کیا۔ اب لگتا ہے کہ میری بینائی سے محروم بیٹی روشنی سے بھر چکی ہے،” سید ابرار نے بتایا۔ کمپیوٹر کورس مکمل کرنے کے بعد اجوہ اب یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔
ایس سی او کے اس منصوبے سے اجوہ جیسے ہزاروں معذور افراد نہ صرف ہنر حاصل کر رہے ہیں بلکہ اپنی زندگیوں کو نئی سمت دے رہے ہیں۔ یہ ادارہ انہیں خود مختار بنانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔




