لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار تو بنا دیا مگر کئی علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث لکشمی چوک، نسبت روڈ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پنجاب کے دیگر شہروں جیسے خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کندیاں، شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال، مریدکے، قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ اور حجرہ شاہ مقیم میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور گرج چمک کے ساتھ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بارش کے بعد موسم میں گرمی کی شدت کم ہو گئی ہے جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا، تاہم بجلی کی طویل بندش نے ان کی خوشی کو کم کر دیا ہے




