بین الاقوامیپاکستان
Trending

کریپٹو سفارت کاری سے واشنگٹن میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ، سرمایہ کاری کے نئے امکانات

 

واشنگٹن: پاکستان نے اپنے کریپٹو سفارت کاری کے ذریعے واشنگٹن میں اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے، جس سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اس کی پذیرائی بڑھی ہے بلکہ امریکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع بھی سامنے آئے ہیں۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کیے گئے اقدامات نے امریکہ میں پاکستان کی اہمیت میں واضح اضافہ کیا ہے۔

مائیکل کوگلمین، سینئر فیلو برائے ایشیا پیسیفک فاؤنڈیشن نے کہا، "پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں غیر متوقع بہتری آئی ہے، اور یہ نیا عروج دیکھنے کو مل رہا ہے۔” رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اسلام آباد کے تعلقات میں مزید استحکام آیا ہے، حالانکہ بھارت اس پیشرفت پر ناراض ہے۔

پاکستان نے کریپٹو سفارت کاری کے ذریعے ٹرمپ کے کاروباری حلقوں میں جگہ بنائی ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے ہیں، جو پاکستان کی کریپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

پاکستان کے کھربوں ڈالر مالیت کے قیمتی معدنی وسائل اب ٹوکنائزیشن کے لیے تیار ہیں، جس سے عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب نے واشنگٹن میں امریکی مشیروں اور ٹرمپ کے قریبی حلقوں کے ساتھ اہم تجارتی مذاکرات کیے، اور پاکستان کی کریپٹو صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

پاکستان کے کریپٹو منصوبوں نے واشنگٹن میں امریکی اداروں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی حاصل کی ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کے اقتصادی تعلقات میں بہتری آئی ہے بلکہ سرمایہ کاری کے امکانات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button