پاکستان
Trending

برطانیہ میں پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف مبینہ دھمکی آمیز ویڈیو، قانونی کارروائی کا مطالبہ

 

لندن: برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسوب سوشل میڈیا سرگرمیوں کے حوالے سے ایک مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف پرتشدد نوعیت کی دھمکیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 23 دسمبر 2025 کو پی ٹی آئی برطانیہ سے منسوب ایک "ایکس” (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں مظاہرین کی جانب سے پاکستان کے ایک اعلیٰ عسکری عہدیدار کے خلاف سنگین نوعیت کے نعرے اور دھمکیاں دی گئیں۔ ویڈیو میں استعمال کی گئی زبان کو اشتعال انگیز قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مختلف حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق اس طرح کے بیانات آزادیٔ اظہار یا سیاسی اختلاف کے دائرے میں نہیں آتے بلکہ انہیں تشدد پر اکسانے کے زمرے میں دیکھا جاتا ہے۔ برطانوی انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت ایسی سرگرمیوں کو سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے اور ان پر قانونی کارروائی کی گنجائش موجود ہے۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ ویڈیو کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا، جس سے معاملے کی حساسیت میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانوی حکام کے لیے یہ معاملہ فوری توجہ کا متقاضی ہے۔

بین الاقوامی قوانین، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1373، ریاستوں کو دہشت گردی اور تشدد پر اکسانے کی روک تھام کا پابند بناتی ہے۔ قانونی حلقوں کے مطابق اس واقعے کو انہی عالمی ذمہ داریوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اس معاملے پر برطانوی حکومت سے رابطہ کر کے تشویش سے آگاہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو میں ملوث عناصر کی شناخت کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ مبصرین کے مطابق یہ معاملہ برطانیہ کے لیے انسدادِ دہشت گردی قوانین پر عملدرآمد کا ایک اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button