کراچی:وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فورس کی عسکری اور پیشہ ورانہ مہارت کی شدید تعریف کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی ساحلی پٹی کو محفوظ بنانے میں اس فورس کا کردار کلیدی ہے۔
اعلیٰ کارکردگی کی حامل فورس: طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی اعلیٰ کارکردگی سے ہمیشہ ملکی دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے سمندری راستوں سے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکینِ وطن کا راستہ روکنے کو کوسٹ گارڈز کا طرہ امتیاز قرار دیا۔
وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حمل کے انسداد کے لیے فورس کے جوانوں کا کردار ہمیشہ قابلِ ستائش رہا ہے۔وزیرِ مملکت نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کوسٹ گارڈز کو جدید ترین وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی۔




