لاہور :پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہلی بار جدید تھرمل ٹیکنالوجی کے کامیاب استعمال سے ریسکیو آپریشنز میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ رات کی تاریکی میں تھرمل کیمروں کی مدد سے 490 سے زائد افراد کو بروقت بچا کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔
یہ اہم کارروائیاں اوکاڑہ، جھنگ، شورکوٹ، اٹھارہ ہزاری، اور احمد پور سیال کے متاثرہ علاقوں میں کی گئیں، جہاں پانی میں گھرے افراد تک روایتی طریقوں سے رسائی ممکن نہیں تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق جھنگ سٹی بند سے 21، پنڈی محلہ سے 1، ددوآنڑاں سے 63، علی پور سے 70، ٹھٹھہ جبانڑاں سے 85، جوگیرا بوچھیراں سے 80 سمیت درجنوں علاقوں سے متاثرہ افراد کو تلاش کر کے نکالا گیاہے۔
تھرمل ٹیکنالوجی نے خاص طور پر ان علاقوں میں مؤثر کردار ادا کیا جہاں انسانی آنکھ کی پہنچ محدود تھی۔ تھرمل کیمرے انسانی جسم سے خارج ہونے والی حرارت کو شناخت کرتے ہیں، جس کے باعث اندھیری راتوں میں بھی متاثرین کا سراغ لگانا اور انہیں بروقت بچانا ممکن ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیاب ریسکیو آپریشن پر ریسکیو ٹیمز کو بھرپور شاباش دی اور اسے پنجاب کی ریسکیو ہسٹری میں ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تھرمل ٹیکنالوجی کا یہ استعمال پورے ملک کے لیے ایک مثالی ماڈل بن سکتا ہے۔
یہ پاکستان میں پہلا موقع ہے جب کسی ریسکیو آپریشن میں تھرمل ٹیکنالوجی کو باقاعدہ طور پر استعمال کیا گیا اور اس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے ہیں۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دینے اور دیگر صوبوں میں بھی متعارف کرانے کا امکان ہے۔




