پاکستان

پاک چین دوستی ہر مشکل میں آزمودہ ہے،وزیراعظم شہباز شریف

تیانجن :وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورہ چین کے دوران  تیانجن یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی طلبہ، فیکلٹی ارکان اور یونیورسٹی انتظامیہ سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے کو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا نیا سنگ میل قرار دیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں پر مبنی ہے، جو وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ "شاہراہِ قراقرم ہماری دوستی کی روشن علامت ہے، اور پاک چین دوستی اتنی ہی پرانی ہے جتنی شاہراہِ ریشم۔”

وزیراعظم نے تیانجن یونیورسٹی کو "علم و دانش کی عظیم درسگاہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے چین کی سائنسی، فکری اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 200 سے زائد پاکستانی طلبہ یہاں زیر تعلیم ہیں، جو وطن واپسی پر جدید مہارتوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے پاکستانی طلبہ کو "پاکستان کے سفیر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ نوجوان پاک چین دوستی کے نئے علمبردار ہیں، جو مستقبل میں دونوں اقوام کو مزید قریب لائیں گے۔”

شہباز شریف نے چین کی ترقی کو دنیا کے لیے ایک نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "چین نے 8 کروڑ افراد کو غربت سے نکال کر ایک نئی مثال قائم کی، اور صدر شی جن پنگ کا مشترکہ خوشحالی کا وژن ہماری حکومت کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔”

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 30 ہزار پاکستانی طلبہ چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو تحقیق، ٹیکنالوجی اور ووکیشنل تربیت کے ذریعے ملک کے لیے قیمتی سرمایہ بنیں گے۔ انہوں نے پاکستانی اور چینی جامعات کے درمیان مزید تعاون پر زور دیا تاکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان آگے بڑھ سکے۔

اس موقع پر تیانجن یونیورسٹی کی انتظامیہ نے وزیراعظم کو ادارے کی تاریخ، تحقیقی منصوبوں اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یونیورسٹی انجینئرنگ، سائنس، طب، مینجمنٹ اور قانون جیسے اہم شعبوں میں اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلیمی پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے تعاون سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں تربیتی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام عوامی سطح پر پاک چین اقتصادی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا:”آئیں، پاک چین دوستی کی اس مشعل کو نئی نسل کے سپرد کریں اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button