کھیل

ایشیا کپ 2025 کے فائنل کی میچ فیس قومی ٹیم نے بھارت کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور بچوں کے نام  وقف کر دی

دبئی/لاہور :  پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایشیا کپ 2025 کے فائنل کی میچ فیس ان شہداء کے نام وقف کر دی ہے۔ یہ اعلان قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے فائنل میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔

گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی، لیکن اس کے باوجود پاکستانی ٹیم نے ایک دل جیتنے والا اقدام کرتے ہوئے اپنی میچ فیس ان متاثرہ خاندانوں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا جو 7 مئی کو بھارتی جارحیت میں اپنے پیارے کھو چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہماری پوری ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کی فیس ان شہداء کے نام کرتی ہے جو 7 مئی کے حملے میں شہید ہوئے۔ ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔”

یاد رہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت نے پاکستان پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں متعدد معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے بھرپور دفاع کرتے ہوئے دشمن کے طیارے مار گرائے اور کئی اہم ایئر بیسز کو نشانہ بنایا۔ بعد ازاں، امریکا کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر شائقین اور عوام کی طرف سے بے حد سراہا جا رہا ہے اور اسے ایک "قومی یکجہتی اور شہداء سے اظہارِ محبت” کا مضبوط پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button