پاکستان

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے پیشِ نظر این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری، دریاؤں میں طغیانی سے تباہی کا خدشہ

اسلام آباد، لاہور، ملتان، عارف والا: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسمی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول ہیڈ گنڈا سنگھ والا، عارف والا اور بہاولنگر میں سیلابی صورتحال انتہائی نازک ہو گئی ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے جبکہ ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں 100 سے زائد بستیاں زیر آب آ چکی ہیں۔ انتظامیہ نے شہر کو بچانے کے لیے وہاڑی پل بند توڑ دیا ہے اور علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں گرج چمک، آندھی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی جزوی بارش کی پیش گوئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا سخت خطرہ ظاہر کیا ہے۔

خاص طور پر راجن پور، لیہ، وہاڑی، ملتان، بہاولپور، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، چنیوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، حافظ آباد سمیت دیگر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ سندھ کے جنوبی اضلاع جیسے کراچی، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور بلوچستان کے ژوب، سبی، لورالائی، خضدار میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

سیلابی پانی میں ڈوبنے سے جلال پور پیر والا کے قریب چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران دو خواتین جاں بحق اور متعدد بچے لاپتہ ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں، اور ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button