اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں جاری سیلابی صورتحال اور اس کے نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کابینہ نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فوری اقدامات کے لیے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام پر مشتمل اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے مزید نقصانات کو کم کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کابینہ ارکان نے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور زرعی شعبے کی بحالی اور کسانوں کی امداد کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
مزید براں، وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف تضحیک آمیز مواد کی اشاعت کی سخت مذمت کی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
اجلاس میں افواج پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور امن قائم رکھنے کے لیے قربانیوں کو سراہا گیا اور شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر کو ہر فورم پر روکا جائے اور انہیں بھرپور جواب دیا جائے، کیونکہ یہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔




