لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو اور نشانِ حیدر میجر عزیز بھٹی شہید کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا”وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی بہادری اور قربانی سے تاریخ رقم کی، ان کی جرأت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔”
مریم نواز نے کہا کہ آج پاکستان کی آزادی اور سلامتی انہی بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، اور پوری قوم ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
یاد رہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965ء کی جنگ میں لاہور کے محاذ پر دشمن کے حملے روکنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے 12 ستمبر 1965ء کو جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ‘نشانِ حیدر’ سے نوازا گیا۔




