کراچی :ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا، جسے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بےچینی سے منتظر ہیں۔ اسی جوش و خروش کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر میں بڑی اسکرینز پر میچ دکھانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں ساحلی مقام پورٹ گرینڈ پر خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں فیملیز اور دوست احباب کے لیے آرام دہ ماحول میں براہ راست میچ دیکھنے کا موقع میسر ہوگا۔ اس کے ساتھ مزیدار کھانوں، موسیقی اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام ہوگا۔
ملک کے مختلف نجی تعلیمی ادارے بھی طلبہ کے لیے بڑی اسکرینز پر میچ دکھانے کا بندوبست کر رہے ہیں، تاکہ نوجوان نسل کرکٹ کا لطف اٹھا سکے۔
شائقین کرکٹ کے لیے یہ ایک یادگار موقع ہوگا جہاں وہ ایک ساتھ بیٹھ کر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج مقابلے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی، پارکنگ، اور سہولتوں کے مکمل انتظامات کر لیے گئے ہیں تاکہ شہری بغیر کسی پریشانی کے میچ کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔




