اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے 10 بڑے شہروں میں 20 ستمبر سے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر اہم شہروں کو شامل کیا گیا ہے جہاں ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار حالات پیدا ہو چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ڈینگی کے مچھر کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر پنجاب اور سندھ کے متعدد اضلاع زیر آب آ چکے ہیں اور لاکھوں افراد عارضی شیلٹرز میں مقیم ہیں۔
محکمہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فومی گیشن اور صفائی کے اقدامات کو جلد از جلد موثر انداز میں انجام دیا جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں کے آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں اور مچھر دانی کا استعمال کریں تاکہ ڈینگی کے مچھر سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔




