لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کا سب سے جدید ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کروا دیا گیا ہے، جو موسمی حالات اور فضائی آلودگی کی مؤثر پیش گوئی کرے گا۔
سینئیر صوبائی وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ سسٹم عالمی معیار کے جدید ماڈلز "ونڈی” اور "یورو” کے ساتھ ساتھ عالمی فضائی انڈیکس اور مقامی ضرورتوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں آلودگی کی صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے سیکریٹری ماحولیات سلوت سعید، ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ اور ای پی اے ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار فضائی آلودگی کی رپورٹس جاری کی جائیں گی تاکہ شہری اور متعلقہ ادارے بروقت اقدامات کر سکیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی ماحولیات کے تحفظ اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔




