پاکستان

ایپ سپ کے زیر اہتمام سیمینار ، 2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں : چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا خطاب

سرگودھا :  یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایپ سپ (APSUP) کے زیرِ اہتمام آگاہی سیشن "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں” منعقد ہوا، جس سے چیئرمین ایپ سپ، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنے خطاب میں معروف ماہرِ تعلیم میاں عامر محمود کو پاکستان کا حقیقی ہمدرد قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ "میاں عامر محمود نے ملک کو 400 کالجز اور 3 خوبصورت یونیورسٹیاں دے کر تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کیا۔ وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وجود میں آئے تقریباً 80 سال گزر چکے ہیں، اس دوران ہمیں اس نظام کا ازسرِنو جائزہ لینا چاہیے کہ ملک کو کیا حاصل ہوا۔ "ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہمارے ادارے کیوں ناکام ہیں — چاہے وہ تعلیم کا نظام ہو، صحت کا شعبہ یا انصاف کی فراہمی۔ پولیس کا نظام بھی کمزور ہے اور اسے بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔”

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ دنیا اور آخرت دونوں کی کامیابی نبی کریم ﷺ کے طریقے پر عمل کرنے میں ہے۔ انہوں نے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا، "اگر نوجوان ایک فیصلہ کرلیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔”

چیئرمین ایپ سپ  پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے 60 فیصد سے زائد افراد نوجوان ہیں، جو ملک کی سب سے بڑی قوت ہیں۔ "اگر اس طاقت کو مثبت سمت میں استعمال کیا جائے تو پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔”

اپنے خطاب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے سرگودھا کو مستقبل میں صوبہ بنانے کے خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواب علاقے کی تعلیمی، معاشی اور سماجی ترقی کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button