بین الاقوامی

جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب 7.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، سونامی وارننگ جاری

منیلا :  جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب ایک شدید زلزلہ آیا ہے جس کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے نے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے قریبی ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اونچی جگہوں کی طرف انخلاء کی ہدایت کی ہے۔

فلپائنی میڈیا کے مطابق، منڈاناؤ جزیرے کے دارالحکومت ڈیوس میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری خوفزدہ ہو کر رہائشی اور کاروباری عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ سکول بند کر دیے گئے اور ہسپتالوں کے عملے نے مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ سرکاری ٹی وی پر ایسی تصاویر نشر کی گئیں جن میں لوگ کھلے میدانوں میں بیٹھے ہوئے نظر آئے۔

فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق، زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں منڈاناؤ کے ساحل کے قریب سمندر میں آیا ہے۔ ادارے نے متوقع سونامی کی لہروں کی اونچائی ایک میٹر یا اس سے زائد بتائی ہے، خاص طور پر بند خلیجوں اور تنگ آبی راستوں میں لہریں زیادہ بلند ہو سکتی ہیں۔

فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے متاثرہ ساحلی علاقوں میں فوری انخلاء کا حکم دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوراً اونچی جگہوں پر منتقل ہو جائیں اور حکام کے اعلان تک ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلاش، امداد اور بچاؤ کی ٹیمیں جلد متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں گی اور حکومت 24 گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ ہر ضرورت مند کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ زلزلہ ایسے وقت آیا ہے جب فلپائن پہلے ہی قدرتی آفات سے متاثر ہے۔ گزشتہ ہفتے سیبو کے ساحلی شہر بوگو میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 74 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں، طوفان بوالوئی اور سپر ٹائفون راگاسا نے بھی ملک کے مختلف حصوں میں وسیع تباہی مچائی ہے۔ فلپائن قدرتی آفات کے حوالے سے انتہائی حساس خطہ ہے جہاں زلزلے اور دیگر آفات معمول کا حصہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button