ہانگ کانگ :ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کی علی الصبح ایک افسوسناک حادثے میں ترکش کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گاڑی میں سوار دو اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
بوئنگ 747 ماڈل طیارہ رن وے 07L پر لینڈ کر رہا تھا کہ اچانک توازن بگڑنے سے بائیں جانب مڑ گیا اور معمول کی گشت پر موجود ایئرپورٹ سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا اسپتال میں چل بسا۔
طیارے کے چاروں عملے کے افراد محفوظ رہے، اور طیارے میں مسافر اور کارگو نہیں تھا
ایئرپورٹ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جن میں طیارے کی حالت، موسم، رن وے کی صورتحال اور پائلٹ کے فیصلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی گاڑی طے شدہ راستے پر موجود تھی اور کسی خلاف ورزی کی مرتکب نہیں ہوئی۔
حادثے کے بعد شمالی رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، تاہم دیگر رن ویز سے پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
یہ واقعہ ہانگ کانگ ایئرپورٹ کے گزشتہ 25 سالہ ریکارڈ میں ایک بڑا سانحہ تصور کیا جا رہا ہے، جس نے فضائی آپریشنز میں حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھا دیے ہیں۔




