کراچی: پاکستان کی ایکسپورٹ سیکٹر میں انڈوں کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے معیشت کو بڑا فروغ ملا ہے۔ یکم جولائی سے اب تک امریکہ کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے برآمد کیے جا چکے ہیں، جن کی مالیت تقریباً 2.37 ملین امریکی ڈالر ہے، جو محکمہ قرنطینہ حیوانیات نے رپورٹ کیا ہے۔
اس کے علاوہ، پاکستان سے انڈے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، سومالیہ اور افغانستان جیسے ممالک کو بھی برآمد کیے جا رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کو 17.22 ملین ڈالر، ہانگ کانگ کو 544 ہزار ڈالر، بحرین کو 32,950 ڈالر، کویت کو 31,654 ڈالر، سومالیہ کو 241 ہزار ڈالر، اور افغانستان کو 1.07 ملین ڈالر مالیت کے انڈے برآمد کیے گئے ہیں۔
پاکستان سے انڈوں کو لیکوئڈ فارم میں بھی برآمد کیا جا رہا ہے، جس کی مقدار مالی سال 2024-25 میں 1169 میٹرک ٹن رہی، جس کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر بنتی ہے۔ یہ لیکوئڈ انڈے بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو بھیجے گئے۔
مجموعی طور پر مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی انڈوں کی برآمدات 18.25 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو کہ پچھلے مالی سال 14 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔




