پاک بحریہ نے جدید اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل مکمل طور پر پاکستان میں تیار کیا گیا ہے اور سمندری و زمینی اہداف پر انتہائی درست وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل جدید گائیڈنس ٹیکنالوجی اور اہم تکنیکی خوبیوں سے مزین ہے، جو پاک بحریہ کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ آزمائشی فائرنگ کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت سینیئر سائنسدان اور انجینئر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی تکنیکی مہارت اور دفاعی خود انحصاری کا نمایاں ثبوت ہے۔
صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت دیگر سروسز چیفس نے اس اہم کامیابی پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔




