واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات مثبت رہی ہے، تاہم اس پر حتمی رائے دینا ابھی ممکن نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کس سمت جائیں گے، اس پر ہی ملاقات کے حقیقی نتائج کا تعین ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر پیوٹن یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں جبکہ وہ خود بھی عالمی تنازعات کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا، “میں دنیا میں 8 جنگیں رکوا چکا ہوں، 5 جنگیں تو صرف ٹیرف کے ذریعے ختم کرائیں۔ میرا مقصد زندگیاں بچانا ہے، اسی لیے عالمی سطح پر جنگوں کا خاتمہ چاہتا ہوں۔”
صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے معاونین آج یوکرین کے مذاکرات کاروں سے ملاقات کریں گے تاکہ مسئلے کے حل کی کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
اپنی گفتگو میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ وینزویلا کے اردگرد امریکی فوج کی موجودگی صرف سیاسی دباؤ ڈالنے کے لیے نہیں بلکہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق منشیات بردار کشتیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور “جلد زمینی کارروائی بھی کی جائے گی۔”
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی اداروں کے پاس “وینزویلا کی تمام سڑکوں، گھروں اور تنصیبات” کی مکمل معلومات موجود ہیں، جس کی بنیاد پر مستقبل کی کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی




