اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-کرغز تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے کرغز صدر اور ان کے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران، اسحاق ڈار نے کرغز صدر کو پاکستان کی آئندہ مصروفیات، کاروباری برادری سے ملاقاتوں اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعلقات، علاقائی تعاون اور مستقبل کی شراکت داری کے حوالے سے بھی تفصیل سے بات کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کرغزستان کو پاکستان کے لیے ایک اہم تجارتی پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات اقتصادی ترقی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہیں۔
اس سے قبل، اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں کرغز وزیرِ خارجہ زینبیک کولو بایف کا بھی استقبال کیا تھا، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر تفصیل سے مشاورت کی۔




