اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی کو سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ دریاؤں سے متعلق کسی بھی قسم کا یکطرفہ اقدام پاکستان کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات نہ صرف بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق دسمبر کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنے پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی قانونی دستاویز ہے جس کی مکمل پاسداری لازم ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ ہتک آمیز رویے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔




