لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہجرت کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ہجرت کا عمل معاشروں کو نئی توانائی، تنوع اور ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے، جبکہ ہجرت کے حق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے ہجرت کو سنتِ نبویؐ اور بابرکت عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد ہونے والی تاریخی ہجرت نے معاشرتی، ثقافتی اور معاشی تبدیلیوں کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے معاشی اور سماجی سفیر ہیں اور ملکی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہجرت صرف جغرافیائی نقل مکانی نہیں بلکہ ہنر، تجربے اور جدت کا عالمی تبادلہ ہے، جو مزدوروں، طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی ہجرت کے خطرات پر خبردار کرتے ہوئے قانونی راستوں کے فروغ اور عوامی آگاہی پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہنگو کلاس آبدوز کی لانچنگ پر پاک چین تعاون کو سراہتے ہوئے پاک بحریہ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔




