پاکستان
Trending

عوامی اعتماد کی بحالی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور

 

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی، جس کے باعث قلیل عرصے میں عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد بحال ہوا اور ریاست میں سیاسی سرگرمیاں دوبارہ متحرک ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 17 اکتوبر کو قائم ہوئی اور صرف سوا ماہ میں آزاد کشمیر کے دو ڈویژنز میں بڑے عوامی اجتماعات منعقد ہوئے۔ عوامی شرکت اور رجحان نے ثابت کیا کہ عوام نے اس حکومت کی اونرشپ لی اور سیاسی نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح رہا۔ تین ماہ کی مدت کے بجائے حکومت نے سوا ماہ کے اندر معاہدے کے بیشتر نکات پر عملدرآمد مکمل کر لیا، جس سے عوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کے دور میں عوام اور قیادت کے درمیان فاصلے پیدا ہو گئے تھے، تاہم موجودہ حکومت نے براہِ راست رابطے کے ذریعے یہ خلا ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں سیاستدانوں کے لیے جانا مشکل تھا، وہاں آج عوام حکومت کا استقبال کر رہے ہیں اور ریاست بھر میں بڑے عوامی اجتماعات ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوامی مفاد کے فیصلوں میں تاخیر نہیں کی۔ پانچویں کابینہ اجلاس اور اسمبلی سیشن میں عوام دوست فیصلے کیے گئے۔ حکومت کسی سیاسی محاذ آرائی کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریاست میں اعتماد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی قسم کی افراتفری یا انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق عوامی معاہدے کے 38 نکات پر 98 فیصد عملدرآمد مکمل ہو چکا ہے اور ریاست میں استحکام اور بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button