کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی بے مثال قربانیوں نے صوبے میں امن کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے۔ نیشنل اکیڈمی فار ایوی ایشن کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی کارکردگی نے عوام کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب کے دوران پولیس کی پیشہ ورانہ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کا راستہ روکا، جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔
انہوں نے کہا، "سندھ حکومت اور عوام کو اپنی پولیس سے بڑی توقعات ہیں، ہمیں امید ہے کہ نئے جوان بھی اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور سنگین جرائم کے خلاف سندھ پولیس کی حالیہ کارروائیوں کو "مؤثر اور جرات مندانہ” قرار دیتے ہوئے انہیں بھرپور سراہا۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت پولیس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تربیت کو عملی میدان میں استعمال کر کے صوبے کو مزید محفوظ بنائیں گے۔




