کھیل
Trending

کولمبو کا میدان، اعصاب کا امتحان: پاک،بھارت ‘میگا ٹاکرا’ کل، شاہین بھارت کا غرور خاک میں ملانے کو تیار

 

کولمبو : دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی دشمنی کل کولمبو کے میدان میں رنگ لائے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اس چھوٹے فارمیٹ کے بڑے میچ کے لیے جہاں شائقین کی سانسیں تھم گئی ہیں، وہیں کولمبو میں کرکٹ کا جنون اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ یہ ہائی وولٹیج مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی خصوصی طور پر ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹیڈیم میں محسن نقوی اور جے شاہ کی ایک ساتھ موجودگی متوقع ہے جو اس مقابلے کو مزید اہمیت دے رہی ہے۔ محسن نقوی میچ سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں فتح کا جذبہ دلائیں گے۔
قومی کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ ان کی ٹیم بھارت کی پوری پلینگ الیون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا ٹرمپ کارڈ عثمان طارق ہے، جس کا منفرد ایکشن بھارتیوں کے لیے معمہ بنا ہوا ہے۔ بارش ہو یا کوئی اور رکاوٹ، ہمارا ‘پلان بی’ تیار ہے۔دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی اعتراف کیا کہ عثمان طارق کا ایکشن اعصاب پر سوار ہے، مگر وہ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
قومی سٹار بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک-بھارت میچ میں فتح کی کنجی اعصاب پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بڑے میچ میں بڑا سکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔کولمبو میں صورتحال یہ ہے کہ ہوٹلوں میں کمرے ختم ہو چکے ہیں اور کرائے کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ جہاں شائقین چوکوں اور چھکوں کی برسات دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، وہیں بادلوں کی موجودگی نے تشویش پھیلا دی ہے۔ بھارت کا ٹریننگ سیشن بارش کی نذر ہونے کے بعد کل بھی میچ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
بھارتی شائقین اپنے ورلڈ کپ ریکارڈ کے سہارے جیت کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی قوم بشمول بچے، بڑے اور بزرگ اس بار بھارت کو عبرتناک شکست دینے کے لیے دعاگو ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button