راولپنڈی / باجوڑ :پاک افغان سرحدی حدود پر کشیدگی کے بعد پاک افواج نے ‘آپریشن غضب للحق’ کے تحت فیصلہ کن جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے باجوڑ سیکٹر میں سرحد پار دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے جدید ترین گائیڈڈ میزائلوں اور بھاری توپ خانے کا استعمال کرتے ہوئے افغان حدود میں موجود ان پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے جہاں سے پاکستانی چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی کئی چیک پوسٹیں اور اسلحہ کے ڈپو مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔کارروائی میں پریسیژن گائیڈڈ میزائل (Precision Guided Missiles) استعمال کیے گئے تاکہ صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں اور پاکستانی حدود میں دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اک سرزمین کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ آپریشن ‘غضب للحق’ اپنے حتمی اہداف کے حصول اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
اس وقت سرحد پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ پر ہیں۔ فضائی نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا فوری جواب دیا جا سکے۔




