نوٹ: یہ تحریر اس سے قبل یکم جون 2020 کو شائع کی گئی تھی جسے آج کے دن کی مناسبت سے دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔
یکم جون 2002 کو جنوبی افریقی سابق کپتان ہنسی کرونیئے جوہانسبرگ سے جارج ٹاؤن روانہ ہونے والے تھے لیکن وہ پرواز منسوخ کر دی گئی۔
یہی وجہ ہے کہ ہنسی نے ایک چھوٹا جہاز کرائے پر لیا اور اس میں واحد مسافر کے طور سوار ہوئے لیکن یہ بدقسمت طیارہ جارج ٹاؤن ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے پہلے ہی قریب واقع پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا اور ہنسی کرونیے طیارے کے دونوں پائلٹوں سمیت اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
ہنسی کرونیے کی موت کو 22 سال ہو چکے ہیں لیکن دنیا انھیں بھلانے کے لیے تیار نہیں۔
اگرچہ وہ میچ فکسنگ سکینڈل کے ایک اہم کردار کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں لیکن انھیں یاد کرتے ہوئے نفرت آمیز الفاظ کے بجائے حیرانی اور ہمدردی کے جذبات زیادہ غالب ہوتے ہیں کہ ایک باوقار اور ایماندار کرکٹر کیسے اس گھناؤنے عمل (میچ فکسنگ) کا حصہ بن گیا؟




