اسلام آباد:مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹانے کے لیے پاکستان عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا۔ آج اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا تاریخی مشاورتی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں آج ہونے والے اس اہم اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور غزہ میں انسانی المیے پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں دفترِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی کچھ ہی دیر میں وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس پاکستان کی اس انتھک کوشش کا نتیجہ ہے جس کے ذریعے وہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے خطے کو کسی بڑے تصادم سے بچانا چاہتا ہے۔
ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جاری تناؤ کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے "امن فارمولے” پر غور۔ اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جو عالمی سطح پر مسلم امہ کے موقف کی ترجمانی کرے گا۔ چاروں ممالک کے درمیان دفاعی اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق۔




