ہنان : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے چوتھے روز کو چین کی انقلابی تاریخ کے لیے وقف کرتے ہوئے صوبہ ہنان کے شہر شاؤشان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید چین کے بانی چیئرمین ماؤزے تنگ کی یادگاروں پر حاضری دی۔ صدرِ مملکت کا یہ دورہ پاک چین دوستی کے تاریخی اور فکری رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی علامت بن گیا۔
شاؤشان آمد پر صدرِ مملکت کو چیئرمین ماؤ کی عظیم زندگی اور ان کی طویل جدوجہد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر کو ان عوامل سے آگاہ کیا گیا جنہوں نے چیئرمین ماؤ کی ابتدائی زندگی میں ان کی سیاسی فکر کی آبیاری کی اور انہیں ایک عالمی رہنما کے طور پر ابھارا۔ صدر زرداری نے ان اداروں کی کوششوں کو سراہا جو انقلابی تاریخ کو دستاویزات اور نوادرات کی صورت میں محفوظ بنا کر نئی نسل تک پہنچا رہے ہیں۔
صدرِ مملکت نے چیئرمین ماؤ کے آبائی گھر اور ان سے منسوب تاریخی اشیاء کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین ماؤ کی قیادت میں چینی قوم نے جو عظیم انقلاب برپا کیا، وہ آج کی عالمی ترقی کے لیے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے چینی حکام کی جانب سے اپنے قومی ورثے کی مثالی حفاظت کو بھی زبردست الفاظ میں سراہا۔




