اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے مارگلہ روڈ کو موٹروے سے ملانے کے میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے مقام کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں پراجیکٹ کی پیش رفت، ڈیزائن اور ٹائم لائن پر بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں کو موٹروے اور جی ٹی روڈ سے براہ راست منسلک کرے گا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت ملے گی۔
وزیر داخلہ نے سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کی رفتار اور معیار پر مکمل توجہ دی جائے۔
منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کا دباؤ کم ہونے، سفر کے وقت میں کمی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہونے کی توقع ہے۔




