تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سیاسی بحرانوں کا حل فوجی طاقت کے ذریعے ممکن نہیں اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم بعض عناصر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کے قریب پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ فوجی حل دیرپا امن فراہم نہیں کر سکتا۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی عمل کے تسلسل کو یقینی بنائیں تاکہ خطے میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔




