راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قومی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔
کانفرنس میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔اجلاس میں افغانستان سے متعلق سیکیورٹی خدشات اور مبینہ دہشت گرد عناصر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔
فورم نے علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کشیدگی میں کمی، ذمہ داری اور تحمل کی پالیسی اپنانے پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے باہمی احترام ناگزیر ہے۔کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور کشمیری عوام کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آخر میں آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت دی کہ وہ آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی اعلیٰ سطح برقرار رکھیں۔




