پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے بنوں کے 15 پولیس شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی صدارت کی۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز آمد پر وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے بنوں میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 15 پولیس اہلکاروں کی ماؤں اور خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ آپ کے شیر دل بیٹوں نے جوانمردی سے دشمن کا مقابلہ کیا اور ملک پر جان نچھاور کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ کو صوبے میں امن و امان اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں اور خوارجیوں کے خلاف سی ٹی ڈی کے کامیاب آپریشنز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے پی کی آپریشنل تیاریوں کو مزید جدید بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ بھی کیا اور شہر کی مانیٹرنگ کے لیے سیکیورٹی کے جدید ترین الیکٹرانک نظام کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔




