پاکستان
Trending

علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار مثالی ہے، سرحد پار دہشت گردی کا سختی سے سدِباب کیا جائے گا: وزیرِ اعظم

 

کوئٹہ : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے بطور "نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، کوئٹہ کے دورے کے دوران فیکلٹی اور زیرِ تربیت ملکی و غیر ملکی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ، اطلاعات اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں ‘مارکۂ حق’ کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی تاریخی فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال اور متکبرانہ جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور کشیدگی پر قابو پانے کی حکمتِ عملی کو عالمی برادری نے بھی کھلے دل سے تسلیم کیا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے شرکاء کو بتایا کہ افغان طالبان سے وابستہ دہشت گرد پراکسیز کے خلاف معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ‘آپریشن غضبُ اللّٰہ’ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کو معاونت فراہم کرنے والے بنیادی ڈھانچوں کو ہر صورت نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔
کورس میں زیرِ تربیت دوست ممالک کے افسران کی موجودگی کو سراہتے ہوئے وزیرِ اعظم نے عسکری سفارت کاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار ہے۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا اور جموں و کشمیر سمیت فلسطین کے عوام کے حقوق کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button