باکو : وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ آذربائیجان کے دوران باکو میں جاری عالمی "ورلڈ اربن فورم” کے پلیٹ فارم سے پنجاب حکومت کے لیے ایک بڑی اور مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فورم میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے قائم کیا گیا خصوصی ‘پنجاب پویلین’ دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین، شہری ترقی کے ماہرین اور بین الاقوامی وفود کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ اربن فورم کے دوران پنجاب پویلین کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بین الاقوامی برادری کے سامنے پنجاب حکومت کے تحت جاری مختلف انقلابی پراجیکٹس، ڈیجیٹل گورننس اور جدید بنیادی ڈھانچے کے اقدامات کو پیش کیا۔
فورم میں موجود مختلف ممالک کے وفود نے پنجاب پویلین کا دورہ کیا اور وہاں پیش کیے گئے ماڈلز کو سراہا، جس پر بریفنگ دیتے ہوئے حکومتی ترجمان نے بتایا پنجاب پویلین کا بنیادی مقصد صوبے میں پائیدار شہری ترقی، سمارٹ گورننس، اور آئی ٹی اصلاحات کو عالمی سطح پر پراجیکٹ کرنا ہے۔ عالمی مندوبین نے پنجاب حکومت کی ان جدید اصلاحات اور عوامی فلاح کے اقدامات میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
سفارتی اور معاشی ماہرین کے مطابق، مریم نواز شریف کی قیادت میں اس بین الاقوامی فورم پر پنجاب کے ترقیاتی اقدامات کی اس سطح پر کوریج سے نہ صرف ملک کا امیج روشن ہوا ہے، بلکہ مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور عالمی اداروں کے ساتھ مشترکہ معاشی شراکت داری کے نئے راستے کھلیں گے۔




