بین الاقوامی
Trending

ایران کے ساتھ تاریخی امن معاہدہ ‘تقریباً طے’ پا چکا ہے، صرف دستخط ہونا باقی ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

 

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے ایک خصوصی اور انتہائی اہم بیان میں دنیا کو بڑی مژدہ سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ریاستہائے متحدہ امریکا، اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے مابین ایک جامع امن معاہدہ ‘بڑے پیمانے پر طے’ پا چکا ہے، جس پر اب صرف حتمی دستخط ہونا باقی ہیں۔ امریکی صدر نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ اس تاریخی ڈیل کے نتیجے میں عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے دنیا کا اہم ترین بحری راستہ ‘آبنائے ہرمز’ فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ اس تاریخی معاہدے کو حتمی شکل دینے اور عالمی برادری کو اعتماد میں لینے کے لیے انہوں نے پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، مصر، اردن، بحرین اور اسرائیل کے سربراہانِ مملکت سے تفصیلی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ امریکی صدر کے اس بیان کے ساتھ ہی عالمی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے مابین طویل عرصے سے جاری اس ڈیڈ لاک کو توڑنے میں پاکستان نے مرکزی ثالث کا کردار ادا کیا ہے، جہاں پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس ڈیل کا سب سے بڑا بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے منظور کردہ اس 60 روزہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت ایران پر عائد سخت تجارتی و سفری پابندیاں ختم کی جائیں گی اور اس کے منجمد اثاثے بحال ہوں گے۔ اس ڈیل کے ذریعے خطے میں جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے، جبکہ ایران اپنے یورینیم کی افزودگی کو محدود کرنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ آبنائے ہرمز کے کھلنے سے متعلق صدر ٹرمپ کے اعلان کو عالمی منڈیوں اور تیل کی سپلائی لائن کے لیے ایک بڑی راحت قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدارتی محل (وائٹ ہاؤس) کے ذرائع کے مطابق، دنیا کے سیاسی منظرنامے کو تبدیل کرنے والے صدر ٹرمپ کے اس تاریخی امن معاہدے کا باقاعدہ اور حتمی اعلان اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button