لاہور :سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی کے گرینڈ آپریشن کی سو فیصد کامیابی پر ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے مابین مثالی کوآرڈینیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا اگلا ہدف مون سون اور سیلاب کے امکانی خطرات سے نمٹنا ہے، جس کے لیے مریم نواز حکومت کا ہنگامی پلان مکمل طور پر تیار ہے۔
وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عید کے تینوں دن تمام محکموں نے ایک ٹیم بن کر کام کیا، جس کی مانیٹرنگ خود وزیراعلیٰ مریم نواز کر رہی تھیں۔ انہوں نے فیلڈ عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود گراؤنڈ پر موجود ‘ستھرا پنجاب’ کے ورکرز کے لیے وزیراعلیٰ نے 10،10 ہزار روپے فی کس نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ عید پر مویشی منڈیوں سمیت ہر علاقے میں صفائی کو یقینی بنایا گیا اور 41 ہزار سے زائد عوامی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے مستقبل کی حکمتِ عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نہ کرے صوبے کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے، لیکن ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور وہ آئندہ چند روز میں سیلاب سے متعلق تمام انتظامات کی تفصیلی بریفنگ میڈیا کے سامنے رکھیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کا واحد مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے، پنجاب نے گورننس کا جو معیار قائم کیا ہے دیگر صوبوں کو بھی اس سے اچھی چیزیں سیکھنی چاہئیں۔
وزیراعلیٰ کی صحت پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر نے تمام افواہوں کو رد کیا اور بتایا کہ اللہ کا شکر ہے مریم نواز کی سرجری شریف میڈیکل سٹی لاہور میں کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے اور وہ علاج کے لیے بیرونِ ملک کہیں نہیں جا رہیں۔




