اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، ایران امریکا معاہدے اور لبنان میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پیش رفت سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور کشیدگی میں کمی آئے گی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر عباس عراقچی نے ایران امریکا معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کاوشوں کو سراہا اور ان کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس 21 جون کو متوقع ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔




