لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں زخمی ہونے والی ٹیچر نے حادثے کے لمحات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھت اچانک گری، جبکہ اس وقت وہاں کوئی تعمیراتی کام جاری نہیں تھا۔
زیر علاج ٹیچر کے مطابق چھت پر کام صبح 11 بجے ہوا تھا، تاہم حادثہ دوپہر 3 سے 4 بجے کے دوران پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بیٹی بھی موقع پر موجود تھیں، جب بچوں کے اکیڈمی سے جانے کے وقت اچانک چھت گر گئی۔
ٹیچر کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ملبے تلے دب گئی تھیں اور انہیں معلوم نہیں کہ انہیں کب اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ 9 سال سے بچوں کو پڑھا رہی ہیں اور طلبہ ان کے لیے اپنی اولاد کی طرح ہیں۔
انہوں نے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ناقابلِ بیان غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔
واقعے کے بعد زخمی ٹیچر کا علاج جاری ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔




