اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انویسٹ پاک پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک سہل اور مؤثر نظام فراہم کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام ضروری سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے نہ صرف عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ سرمایہ کاری کے فیصلوں میں بھی تیزی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ون ونڈو سہولت سرمایہ کاری کے نظام کو مزید مؤثر بنائے گی۔ ان کے مطابق ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔




