اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں، خواتین کی ترقی ہی مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
اسلامی سربراہی کانفرنس کے خواتین سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو تعلیم، روزگار، ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آج بھی لاکھوں خواتین اور بچیاں مختلف سماجی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے، جبکہ او آئی سی کی چیئرمین شپ کو ذمہ داری، اتفاق رائے اور باہمی تعاون کے جذبے سے نبھایا جائے گا۔




