اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نئے نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیارے، بھارتی ایئرلائنز اور دیگر آپریٹرز کے جہاز پاکستانی فضائی حدود سے پرواز نہیں کرسکیں گے۔
نوٹم کے مطابق بھارتی ملکیت، لیز یا بھارتی آپریٹرز کے زیرِ استعمال طیاروں پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ بھارتی فوجی طیاروں کو بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق فضائی حدود کی بندش کی نئی مدت 24 اگست 2026 تک مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پابندی سے متعلق نیا نوٹم جاری کردیا ہے، جس کے تحت متعلقہ اداروں کو ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔




