اسلام آباد: بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف امریکا سمیت مختلف ممالک میں کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد افراد قانون کی گرفت میں آ رہے ہیں۔
بھارتی جریدے دی ہندو کے مطابق امریکی اداروں نے بھارتی شہری نتیش کوشل کو گرفتار کیا ہے، جس پر سنگین جرائم میں ملوث گروہ سے تعلق کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گینڈی کے مطابق بعض بھارتی جرائم پیشہ تنظیمیں بھتہ خوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے منظم نیٹ ورک قائم کرتی ہیں، جن کے خلاف امریکی ادارے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بعض گروہوں نے بیرونِ ملک اپنی سرگرمیاں بڑھانے کی کوشش کی، تاہم مختلف ممالک کے سیکیورٹی ادارے ان کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف عالمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے عناصر کی نگرانی اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔




