اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے لیے جاری مختلف منصوبوں اور ان پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران رانا مشہود نے وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، فنی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ہنر مند افرادی قوت ملکی معیشت اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے ضامن ہیں، اس لیے نوجوانوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔




