راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران میجر حافظ احسان الہٰی نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید میجر حافظ احسان الہٰی نے وطن کے دفاع میں فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




